روس کا یوکرینی شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ

روس کا یوکرینی شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ

ماسکو: روس نے آزاد کروائے گئے یوکرین کے ریجن خیرسون میں مقیم شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق روسی ملٹری سویلین انتظامیہ کے چیئرمین کیرل سٹریموسوف نے کہا کہ روسی فیڈریشن کی مسلح افواج کے ذریعے آزاد کرائے گئے یوکرین کے جنوبی ساحلی ریجن خیرسون کے شہریوں کو روسی شہریت کا حق حاصل ہے، خیرسون کے تمام شہریوں کو روسی پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا ممکن ہوسکے گا ہم خیرسون کو روسی فیڈریشن میں ضم کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ روسی مسلح افواج نے مارچ کے وسط میں خیرسون کے علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تھا، جس کے بعد 12 اپریل کو خیرسون میں جنگ عظیم دوم میں قربانی دینے والے فوجیوں کی یاد میں “ابدی شعلہ” eternal flame روشن کرنے کی تقریب منعقد کی گئی تھی اور شہر کی عمارتوں پر روسی پرچم لہرائے گئے تھے۔