وزیراعظم کا آرمی چیف سمیت متعلقہ عہدیداروں کو فون، فیٹف شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد

وزیراعظم کا آرمی چیف سمیت متعلقہ عہدیداروں کو فون، فیٹف شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت متعلقہ عہدیداروں کو فون کرکے فیٹف کی شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیرعظم  آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کانام نکلنے کے عمل پر کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون  کرکے فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد دی اور جنرل ہیڈکوارٹرز میں ‘کور سیل’ کے قیام کے ان کے فیصلے کو سراہا ہے۔

وزیراعظم  نے آرمی چیف سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ کور سیل’ میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد  پر قوم کو فخر ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کو بھی ٹیلیفون کیا۔وزیر اعظم نے وزیر خزانہ، وزیر مملکت خارجہ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔