ramazan-1442-hijri-moon-sighted-in-pakistan

رحمتوں، برکتوں والا ماہ صیام آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

پشاور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں رمضان المبارک 1442 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخیبر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا۔

علاوہ ازیں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں ہوئے، جن میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین، علما کرام اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

زونل اور ضلعی کمیٹیوں نے چاند کی رویت کے حوالے سے موصول ہونے والی شہادتوں کو جمع کر کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجا۔

ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، کراچی، حیدرآباد اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں  چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی پریس کانفرنس

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مطلع بالکل صاف تھا، کئی شہروں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ کل یعنی 14 اپریل بروز بدھ کا پاکستان میں پہلا روزہ ہوگا۔

ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لیا گیا اور انہیں بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔ کئی سال بعد ملک میں کل ایک ساتھ روزہ رکھا جائے گا۔

کراچی زونل کمیٹی اجلاس

کراچی میں محکمۂ موسمیات کی عمارت میں بھی رویت ہلال کمیٹی کی زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں حافظ محمد سلفی، قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال، مولانا صابر حسین جبکہ محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے مفتی منیب الرحمان شریک ہوئے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی حافظ محمد سلفی نے کی۔

دوسری جانب سعودی عرب میں پیر کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

رمضان المبارک کے مہینے میں رب کی رحمت  کو سمیٹنے کا موقع مل جاتا ہے، جب ایک نیکی کا صلہ ستر گنا زیادہ ملنے لگتا ہے۔ رمضان المبارک میں مسجدوں کی رونق دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے، جب اللہ کی بارگاہ میں سربہ سجود ہونے کے لیے راتیں بھی جاگتی ہیں اوران مبارک ساعتوں میں ہر عبد اپنے معبود سے گناہوں کی معافی مانگتا ہے اور جھولیاں بھر بھر کر اللہ کی رحمت سمیٹتا ہے۔

سحر و افطار میں اپنے مسلمان بھائیوں کے لیے مسلمانوں کا جذبہ ایثار دیکھنے والا ہوتا ہے۔رمضان المبارک کی انہی مبارک ساعتوں کو خوش آمدید اور تمام امت مسلمین کو رمضان شریف کا مہینہ  بہت بہت مبارک ہوں.ماہ صیا م رحمتوں، برکتوں اور اللہ پاک کی بےشمار نعمتوں والا مہینہ ہے، یہ مقدس مہینہ ہم سب کو صبر کا درس دیتا ہے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں