پی پی قیادت سے ملاقات، شہباز کا نوازشریف اور فضل الرحمان کو فون

پی پی قیادت سے ملاقات، شہباز کا نوازشریف اور فضل الرحمان کو فون

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کے بعد لندن فون کر کے پارٹی قائد نواز شریف سے بات چیت کی ہے۔

شہبازشریف نے نواز شریف کو ٹیلی فون پر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نوازشریف سے مشاورت کے بعد شہباز شریف نے پیر 7 فروری کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا لیا۔

نواز شریف سے گفتگو کے بعد شہباز شریف نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی فون کیا ۔

انھوں نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی بات چیت سے پی ڈی ایم کے سربراہ کو آگاہ کیا۔

شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو بتایا کہ آنے والے دنوں میں بالمشافہ ملاقات کر کے بھی اعتماد میں لوں گا۔

دونوں قائدین کی بات چیت کی روشنی میں پی ڈی ایم کا اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے کیلئے تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیاجائے گا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر آصف علی زرداری اور بلاول کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا