’پی ڈی ایم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے‘ 1

’پی ڈی ایم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے‘

کراچی: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔

کراچی کے علاقے صدر ریگل چوک پر پی ڈی ایم کے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو پتا ہی نہیں ملک کو کیسے چلاتے ہیں، ملک میں عوام کی حقیقی حکومت آئے گی

انہوں نے کہا کہ آج کراچی سے سفر شروع ہوا ہے اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگا، مہنگائی کے ہاتھوں عوام نے بچے فروخت کرنا شروع کردیے ہیں، پارلیمنٹ لاجز کے سامنے لوگوں نے بچے برائے فروخت رکھے ہیں، پولیس جوان اپنے بچے 50 ہزار روپے میں فروخت کا اعلان کرتا ہے، بھوک کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

فضل الرحمان نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ یہ حکومت چوری کے ووٹ سے آئی ہے، پہلے دن کہا تھا یہ حکومت نااہل، ناجائز اور نالائق ہے، حکومت کو بحیرہ عرب میں غرق نہیں کیا تو ملکی بقا کا سوال بنے گا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ آج اس ملک کو کہاں پہنچایا جارہا ہے، کبھی سعودی عرب، کبھی چین سے بھیک مانگ رہے ہیں، ہر جگہ موجودہ حکمرانوں کے ہاتھوں قوم کی بدنامی ہورہی ہے، موجودہ حکمرانوں کو قوم پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان تنہائی کی طرف جارہا ہے، نوجوان، مزدور، چھوٹا دکاندار اور ہر کاروباری شخص مایوس ہے، پی ڈی ایم قوم کی امید اور آواز ہے، عوام ہمارے شانہ بشانہ ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں