pakistan-celebrate-74th-independence-day

پاکستان کا 74 واں جشن آزادی، ملک بھر میں چودہ اگست کا شاندار استقبال

کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ / اسلام آباد: ملک بھر میں رات 12 بجتے ہی تمام شہروں میں جشن آزادی کا آغاز ہوتے ہی شاندار آتش بازی اور چراغاں کر کے 74ویں آزادی کا جشن منایا گیا۔

جشن آزادی کی مناسب سے شہر شہر جیوے پاکستان کے نعروں کی گونج اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ ہر شخص نےقومی نغمے سُن کر اور پاکستان کے حق میں‌ نعرے لگا کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

کراچی تا کشمور اور گوادر سے خنجراب تک ہر طرف وطن سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے اور قوم آج یوم آزادی روایتی شان و شوکت سےمنارہی ہے جس کی وجہ سے فضاؤں میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہورہے ہیں۔
چودہ اگست کی مناسبت سے گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ بچوں سمیت تمام عمر کے لوگوں نے اپنے سینے پر بیج سجا لیے تو کسی نے وطن سے محبت کا اظہار پوسٹرز بنا کر کیا۔

ملک کے تقریباً تمام ہی بڑے شہروں میں جشن آزادی کی مناسبت سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شہری لاہور میں مینار پاکستان، کراچی میں فائیو اسٹار چورنگی پر پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جس کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پہنچے جبکہ نوجوان نے موٹرسائیکلوں پر نکل پر قومی پرچم تھام کر مارچ کیا۔

آج دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

یوم آزادی مناتے ہوئے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا جائے گا اور بھارتی جبر غیر قانونی فوجی محاصرے، لاک ڈاون اور مظالم کی مذمت کی جائے گی جبکہ شہری پودے لگا پر ملک اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بھی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں