Pakistan can stand tall in the UN today, says PM

پاکستان آج اقوام عالم میں سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے، وزیراعظم کا پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم میں سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایمان، اتحاد، تنظیم کی قومی اقدار کو سربلند رکھنے کا عزم دہرانا چاہتے ہیں، ہم نے ابھرنے کے لیے تاریخ کے سفرمیں کٹھن چیلنجز عبور کیے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آج اندرون ملک بعض درپیش مسائل ہمارے عزم کا امتحان ہیں، آج خطے کی بدلتی صورتحال ہمارے عزم کا امتحان ہے، ہم اپنے عزم صمیم کی بدولت رکاوٹوں پر قابو پالیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر مضبوط تر قوم کے طور پر ابھریں گے، معیشت کی بحالی، کورونا وبا سے نبردآزما ہونے پر پذیرائی ملی، ماحولیاتی تحفظ پر ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے، کشمیری بھارتی جبر میں حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ کاز کے لیے بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مغربی سرحدوں پر غیرمستحکم صورت حال پر بڑی قربانیاں دیں، ہم نے مغربی سرحد پر غیرمستحکم صورت حال کی بھاری قیمت چکائی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان میں ہماری تمام تر توجہ جیو اکنامکس پر مرکوز ہوگئی ہے، اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی ہے، حکومت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان اللہ کا ہمارے لیے ایک تحفہ ہے، پاکستان کو قابل فخر، خوشحالی اور پر امن بنانے میں کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں