hamza-shahbaz-released-from-kot-lakhpat-jail

حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا

لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیاگیا، حمزہ شہبازکی رہائی کے موقع پر مریم نواز بھی جیل پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے ، مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد احتساب عدالت کے جج اکمل خان نے روبکار جاری کئے، جس کے بعد حمزہ شہباز کے روبکار لے کرعدالتی عملہ جیل روانہ ہوگیا ہے۔

احتساب عدالت نے کہا لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہبازکی ضمانت منظور کی، حمزہ شہبازکے ضمانتی مچلکے جمع کرائےگئے جو منظور کئے جاتے ہیں، وہ اگر کسی دوسرے کیس میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے اور حمزہ شہباز 4مارچ کو کیس کی سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

بعد ازاں حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیاگیا ، جیل کے باہر مریم نواز اورن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہیں۔

یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز کی جیل سے رہائی کے موقع پر خود جانے کا فیصلہ کیا تھا، ن لیگ نے حمزہ شہباز کے بھرپور استقبال کی تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے

ذرائع کا کہناتھا کہ حمزہ شہباز براستہ کچا جیل روڈ ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ جائیں گے، ان کا مختلف استقبالی کیمپس کے ذریعے بھرپور استقبال کیا جائے گا، اور وہ ایک ریلی کی صورت میں جیل سے رہائش گاہ جائیں گے

خیال رہے 24 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کر لی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں