Demand for investigation

خواجہ عمران نذیر کا سہیل شوکت بٹ کے گھر پر پولیس کارروائی کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے ایم پی اے سہیل شوکت بٹ کے گھر پر پولیس کارروائی کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ کہتے ہیں پولیس آپریشن کی آڑ میں سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو ہراساں نہ کیا جائے۔

رکن پنجاب اسمبلی سہیل شوکت بٹ کے گھر پولیس کارروائی کے معاملے پر مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے ملاقات کی۔ خواجہ عمران نذیر نے پولیس کارروائی پر اندارج مقدمہ کی درخواست جمع کروائی۔ اس موقع پر غزالی سلیم بٹ، سہیل شوکت بٹ اور ن لیگ لائرز فورم کا وفد بھی موجود رہا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے الزام عائد کیا کہ لاہور پولیس نے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کے گھر میں ہوائی فائرنگ کی۔

ایم پی اے سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ میرے گھر بغیر کسی وجہ کے توڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس کارروائی کا مقصد میری سیاسی وفاداری تبدیل کرنا ہے۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ن لیگ نہیں چھوڑوں گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف لاہور پولیس کے آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن اس کی آڑ میں لیگی رہنماؤں اور کارکنان ہراساں کرنے کی مذمّت کرتے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے یقین دہانی کروائی ہے کہ معاملے کی انکوائری کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں