Breakthrough will be reached soon

’’مذاکرات مثبت ہوئے جلد بریک تھرو ملے گا‘‘

لاہور: چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ سعد رضوی سے مذاکرات مثبت ہوئے جلد بریک تھرو ملے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تناؤ ختم کرنے کے لیے اپنے طور پر کوشش کررہے ہیں، ہم حکومتی ایما پر سعد رضوی سے مذاکرات کے لیے نہیں گئے تھے۔

حامد رضا نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کے لیے تمام علما کوشش کررہے ہیں، مذاکرات کا اگلا دور جلد شروع ہوگا پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعد رضوی نے کارکنان کو پر امن رہنے کی اپیل کی ہے، امید ہے مذاکرات میں جو طے ہوگا حکومت اس پر عمل کرے گی۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سعد رضوی سے علما کی ملاقات 7 گھنٹے سے زائد جاری ہے، آج کے مذاکرات میں کسی قسم کے سیاسی عزائم نہیں ہیں، ہم نہیں چاہتے ملک دشمنوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع ملے۔

قبل ازیں صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں علما کے وفد نے سعد رضوی سے ملاقات میں احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

وفد میں صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر اوردیگر شامل تھے۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوا، ملک میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جائے، علما کے وفد نے سعد رضوی سے ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں