ایشیا کپ: پاکستان نے سپر 4 میں بھارت کو شکست دیکر حساب برابر کر دیا

ایشیا کپ: پاکستان نے سپر 4 میں بھارت کو شکست دیکر حساب برابر کر دیا

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد  بھارت کو  آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کردیا۔

پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت  آخری اوور میں  5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ 

محمد رضوان نے 71 اور محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایشیا کپ 2022 میں اس سے قبل بھارت نے پاکستان کو گروپ میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ بھارت نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ 

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے ، ویرات کوہلی60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی اننگز

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے خلاف بھارت کا آغاز کافی اچھا رہا، صرف 5 اوورز کے اندر بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے۔

بھارت کی پہلی وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری، روہت شرما 16 گیندوں پر 28 رنز پر آؤٹ ہوئے۔بھارت کو دوسرا نقصان کے ایل راہول کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ بھی 28 رنز بناسکے۔

اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوگئے، جہاں بھارت کی وکٹیں گر رہی تھیں وہیں دوسری جانب  ویرات کوہلی میدان کے چاروں اطراف دل کش شاٹس کھیل رہے تھے۔کوہلی نے 44 گیندوں پر 60  رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارتی اننگز کے آخری اوور میں فخر زمان نے مس فیلڈ کرتے ہوئے 2 چوکے بھارت کی جھولی میں ڈال دیے، بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، 22 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 18 گیندوں پر 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔2 وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور بیٹنگ آرڈر میں پروموٹ کیے گئے محمد نواز کے درمیان 84 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن 147 کے مجموعی اسکور پر نواز 20 گیندوں پر برق رفتار 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 71 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔4 وکٹیں گرنے کے بعد اختتامی اوورز میں خوشدل اور محمد آصف نے جارحانہ اننگز کھیلی۔

آصف نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے جبکہ خوشدل 11 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

محمد نواز کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھیں۔

تاہم پہلے مرحلے کے اختتام پر بھارت اور پاکستان گروپ اے سے جبکہ افغانستان اور سری لنکا گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں پہنچیں۔

سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔