متحدہ اپوزیشن کی عثمان بزدار کیخلاف عدم اعتماد لانے کی حکمت عملی تیار

متحدہ اپوزیشن کی عثمان بزدار کیخلاف عدم اعتماد لانے کی حکمت عملی تیار

لاہور: وفاق کے بعد پنجاب میں بھی متحدہ اپوزیشن نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد لانے کی حکمت عملی تیار کرلی۔

متحدہ اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس سے قیادت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ گرین سگنل ملتے ہی عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد لائیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے مزید 14 ارکان پر مشتمل ایک گروپ متحرک ہوگیا، گروپ پارلیمنٹ کی بالادستی کے نام سے 6 ماہ سے سرگرم ہے۔

غضنفر عباس چھینہ کی سربراہی میں گروپ کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس میں سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

غضنفر عباس کا کہنا تھا کہ اجلاس میں صوبائی اسمبلی میں عدم اعتماد پر گفتگو ہوگی جس میں علیم اور ترین گروپ سے مشاورت بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارکان گزشتہ 6 ماہ سے متحد ہوکر چل رہے ہیں، اولین ترجیح حلقوں کے مسائل اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن نے وزیراعظم  عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع  کروائی تھی۔

تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد جمع کرانے شاہدہ اخترعلی، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، شازیہ مری، نوید قمر، رانا ثنااللہ اور ایاز صادق  قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچے تھے، تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اسٹاف نے وصول  کی تھی۔