پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف لاہور سے مری پہنچ گئے۔
نوازشریف کے لاہور سے اسلام آباد پہنچنے پرٹول پلازہ پر کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
مری میں سابق وزیراعظم کی ذاتی رہائش گاہ پر سکیورٹی کے پیش نظر پولیس بھی تعینات کی گئی ہے جبکہ مریم نواز اور پرویز رشید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں آج مسلم لیگ ن کے قائد کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں تاہم ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ نوازشریف کی مری میں کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔
اُدھر سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی طویل عرصے کے بعد مری آمد پر ان کی رہائش گاہ کشمیر پوائنٹ پر صفائی ستھرائی کی گئی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچے تھے اور ان کی آمد پر لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ن لیگ کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔