وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم ترین قرار

وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم ترین قرار

اسلام آباد : وفاقی وزرا نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کو سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم ترین قرار دے دیا۔

تٖفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا نے روانگی سے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کی ، وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے پیغام میں کہا ۔وزیراعظم کا دورہ چین بہت اہمیت کا حامل ہے ، ہم چین سےکہیں گےکہ اپنی صنعتیں پاکستان لائے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین سے لازوال دوستی کا ایک اور اظہار ہے، چین میں اہم امور زیر بحث آنے والے ہیں، چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دستاویز بنائی گئی ہے، کچھ شعبوں سےمتعلق بہت خاص تفصیل شامل کی گئی ہے، امید ہے چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے اپنے بیان میں کہا وزیراعظم کا چین کا دورہ اہم ہے، افغانستان میں بحالی کیلئے پاکستان اور چین کو مل کر کام کرنا ہوگا، دورے کے دوران چین کی قیادت سے افغانستان کی صورتحال سے متعلق بات ہوگی۔

معیدیوسف کا کہنا تھا کہ امریکا کے انخلا کے بعد افغانستان میں استحکام پاکستان کیلئے اہم ہے، افغان حکومت بھی یہی چاہتی ہےکہ مل کرافغانستان کومستحکم کیاجائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے ذریعے علاقائی رابطہ ایک بہت بڑا موقع ہے ، سی پیک دورہ چین کے دوران بات چیت کا اہم عنصر ہوگا جبکہ دورہ چین میں پاک چین وفود میں اہم علاقائی امور پر بات چیت ہوگی۔

مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ دورہ چین میں اہم گفتگوہوں گی ،دورےسےبرآمدات میں اضافہ ہوگا، ایف ڈی اےکےحوالےسےہم نےبہتری لانی ہے اور چین سےمختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی بھی حاصل کرنی ہے