ہٹلر کے گھر کو کیا بنایا جا رہا ہے؟

ہٹلر کے گھر کو کیا بنایا جا رہا ہے؟

نسل کشی کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ڈکٹیٹر ایڈولف ہٹلر کے گھر کو پولیس افسران کے ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ صدی کے وسط میں نسل کشی کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ڈکٹیٹر ایڈولف ہٹلر کے گھر کو آسٹرین حکومت نے پولیس افسران کے لیے ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مذکورہ گھر جس کے ایک کمرے میں ہٹلر نے 1889 میں جنم لیا تھا۔ اس عمارت کو انسانی حقوق کے لیے پولیس ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ایک طویل بحث کے بعد کیا گیا جس میں مختلف گروپس کی جانب سے ملنے والی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

آسٹریا کے نشریاتی ادارے او آر ایف کی رپورٹ کے مطابق پولیس فورس کو اگلے سال تک تزئین و آرائش والے احاطے پر قبضہ مل جائے گا اور اس گھر کو پولیس ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کرنے کے لیے تعمیراتی کام موسم خزاں میں شروع ہونے کی توقع ہے جب کہ اس منصوبے کی تکمیل 2025 تک متوقع ہے۔

اس حوالے سے کچھ آسٹرین باشندے اس گھر کو نیو نازیز کے اجتماع کی جگہ بننے سے روکنے کے لیے اسے مسمار کرنے کی وکالت کرتے ہیں لیکن ناقدین کا خیال ہے کہ اس طرح کی کارروائی آسٹریا کے ماضی کو جھٹلانے کے مترادف ہوگی۔

نازی حکومت کے دوران اس گھر کو ایڈولف ہٹلر کی یادگار میں تبدیل کردیا گیا تھا، جس کے بعد اس شہر کی طرف متعدد سیاح متوجہ ہوئے۔ لیکن جیسے ہی 1944 میں نازیوں نے یہاں اپنا کنٹرول کھونا شروع کیا تو یہاں سیاحوں کی آمدورفت روکنے کے لیے آسٹریا کی حکومت نے اس کو سابق مالک گرلینڈ پومر سے کرائے پر لے کر ضرورت مند افراد کے لیے بطور ڈے کیئر سینٹر کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔

بعد ازاں 2016 میں آسٹرین حکومت نے ایک نئے قانون کے تحت 694,000 پاؤنڈز سے زیادہ کے معاوضے کے بدلے میں گرلینڈ پومر سے اس جائیداد کو ضبط کرنے کی اجازت دی اور اب آسٹرین وزارت داخلہ نے 3 سال بعد 17ویں صدی کے اس گھر کو دوبارہ پولیس اسٹیشن اور پولیس ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔