خاتون کارکن کے ساتھ چلنے پر مریم نواز برہم

خاتون کارکن کے ساتھ چلنے پر مریم نواز برہم

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت پیشی کے موقع پر مریم نواز لیگی خاتون ورکر کے ساتھ ساتھ چلنے پر برہم ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت ہوئی، اس موقع پر نائب صدر مسلم لیگ اور کئی اہم رہنما عدالت پہنچے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان بھی رہنماؤں کے استقبال کے لئے موجود تھے۔

مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے کیس پر دلائل دینے کے لئے چار ہفتوں کا وقت مانگا جسے عدالت نے منظور کرلیا، کیس کی سماعت ملتوی ہونے پر مریم نواز باہر آئیں تو اس موقع پر ایک لیگی خاتون ورکر بھی ان کے ساتھ ساتھ چلنے لگی۔

خاتون کے ساتھ ساتھ چلنے پر مریم نواز نے ناراضگی کا اظہار کیا اور خود ہی خاتون سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘آپ ساتھ کیوں چل رہی میرے ، یہاں سے آگے ہو جائیں’، جس پر مذکورہ کارکن فوری طور ان سے آگے نکل گئیں تاہم مریم نواز کا یہ طرز عمل کیمروں کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے روایتی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم پر کڑی تنقید کی، انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان پاکستان کے بنے بنائے تعلقات بھی بگاڑ کر آجاتے ہیں، پاکستان کے دیگر ملکوں کیساتھ جو اچھے تعلقات تھے ان کو بھی عمران خان نے برباد کردیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان بادشاہ نہیں ہیں ، لندن بھاگنے کی اجازت نہیں ملےگی، عمران خان کو ایک ایک پائی کا حساب دیناپڑےگا، آپ نے تین چار سال صرف انتقام پر توجہ مرکوز رکھی، عمران خان سے سوال دنیا اور آخرت میں بھی ہوگابھاگنے کی جگہ نہیں ملےگی، عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس کے کسی ایک کمرے میں بند کردیناچاہیے۔