علیم خان کی اچانک بیرون ملک روانگی، کیا ہونے جارہا ہے؟

علیم خان کی اچانک بیرون ملک روانگی، کیا ہونے جارہا ہے؟

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے مخالفت میں سامنے آنے والے علیم خان کی اچانک بیرون ملک روانگی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان آج صبح برطانیہ روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ ناراض پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سے پنجاب کی موجودہ صورت حال پر ہم مشاورت کرینگے، ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل بھی طے کئے جانے کا امکان ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان اپنے ذاتی جہاز پر برطانیہ روانہ ہوئے۔

سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان سے گذشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علیم خان کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔

علیم خان نے وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے فواد چوہدری اور عمران اسماعیل سے جہانگیر ترین کے ساتھ مشاورت تک کا وقت مانگا تھا۔

ادھر جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کے بعد پی ٹی آئی کا 14 ارکان پر مشتمل ایک اور گروپ متحرک ہوگیا ہے، عضنفرعباس چھینہ کی سربراہی میں گروپ کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔

غضنفر عباس چھینہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں صوبائی اسمبلی میں عدم اعتماد، علیم اور ترین گروپ کے ساتھ مشاورت پر بات ہوگ، ہم چودہ لوگ گزشتہ چھ ماہ سے متحد ہوکر چل رہے ہیں، ہماری اولین ترجیح اپنے حلقوں کے مسائل اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔

متحدہ اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس سے قیادت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچا رکھی ہے، ایک جانب حکومت پارلیمنٹ میں اپنے نمبر پورے کرنے کی فکر میں ہے تو اپوزیشن بھی اپنا پورا زور لگائےہوئے ہے۔

گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دعوی کیا تھا کہ ہم 172ارکان کو ایوان میں لائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ان سے 172 سے زائد ووٹ لیں گے۔