سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو وقار کے ساتھ گرفتاری دے دینی چاہیے تھی؟ اس پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وقار کا مطلب بھی نہیں پتہ کیا ہے، وقار عمران خان کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا عمران خان سے پوچھیں جس نے چوری کی ہے۔
بعد ازاں سابق وزیراعظم نے شعر لکھ کر تبصرہ کیا اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے خوف سے عمران خان سرکس لگائے بیٹھا ہے، ان کی جگہ رتّی بھر غیرت رکھنے والا شخص ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا، بزدلی اور بے غیرتی کا دھبہ لگوانے کے بجائے سیاست چھوڑ دیتا۔
خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔