تحریک عدم اعتماد، ایم کیوایم کی ق لیگ اور پی پی سے اہم ملاقاتیں طے

تحریک عدم اعتماد، ایم کیوایم کی ق لیگ اور پی پی سے اہم ملاقاتیں طے

تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے رابطے تیز ہوگئے، ایم کیو ایم کی کل ق لیگ اور پی پی سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے فیصلہ کن مرحلہ جیسے جیسے قریب آرہا ہے سیاست کے کھلاڑیوں کے داؤ پیچ بھی تیز ہوتے جارہے ہیں، ایک جانب حکومت اپنے اتحادیوں کو ساتھ رکھنے کیلیے یقین دہانیاں کرارہی ہے تو دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں اتحادیوں کا ساتھ پانے کیلیے ان سے عہد وپیماں کررہی ہیں۔

اسی حوالے سے ذرائع نے خبر دی ہے کہ حکومت کی دو اہم اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کا رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس رابطے کے دوران عدم اعتماد کی تحریک کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں کسی متفقہ فیصلے پر پہنچنے کیلیے ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد پر مزید مشاورت کیلیے ایم کیو ایم اور ق لیگ میں ملاقات طے پاگئی اور یہ ملاقات کل شام 7 بجے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر ہوگی۔

دوسری جانب پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بھی اسی سے متعلق دعویٰ سامنے آیا ہے۔

بلاول بھٹو کے مطابق ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارے وفود کی بات ہوئی ہے جب کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم رہنماؤں اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے کل ہماری اسلام آباد میں ملاقات طے ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کوئی دھاندلی کی کوشش میں کوئی حکومت کا ساتھ نہ دے۔