ہیری پوٹر کا کردار 10 سال تک کیوں ادا کیا؟ اداکار نے دلچسپ وجہ بتا دی

ہیری پوٹر کا کردار 10 سال تک کیوں ادا کیا؟ اداکار نے دلچسپ وجہ بتا دی

بچے  ہو یا بڑے سب ہی ہیری پوٹر سیریز کی فلموں کو پسند کرتے ہیں۔

اور ان فلموں کو پسند کرنے والوں کو علم ہے کہ ہیری پوٹر کا مرکزی کردار ڈینیل ریڈکلف نے ادا کیا تھا۔

2001 میں اس سیریز کی پہلی فلم ریلیز ہوئی تھی اور اس کا اختتام 10 سال بعد 2011 میں 8 ویں فلم پر ہوا۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ڈینیل ریڈکلف نے ہیری پوٹر سیریز کی فلموں میں کام کرنا کیوں پسند کیا؟

درحقیقت انہیں اداکاری سے تو اس وقت کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی بلکہ فلموں میں کام کرنے کی وجہ کچھ اور ہی تھی۔

ایک انٹرویو کے دوران 33 سالہ اداکار نے فلموں میں کام کرنے کی غیرمعمولی مگر مضحکہ خیز وجہ کا انکشاف کیا۔

ڈینیل ریڈکلف نے بتایا کہ فلموں میں کام کرنے کی وجہ یہ تھی تاکہ انہیں اسکول نہ جانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ‘میرے والدین ہر فلم کی عکسبندی مکمل ہونے کے بعد مجھ سے پوچھتے تھے کہ کیا میں یہ کام کرنے لطف اندوز ہورہا ہوں یا واپس آنا چاہتا ہوں؟ میں ہمیشہ کہتا کہ مجھے کام پسند ہے، کیونکہ مجھے اسکول سے نفرت تھی’۔

ویسے انہوں نے یہ بات پرمزاح انداز سے کہی تھی مگر اس عمر کے بچوں میں یہ خیال عام ہوتا ہے۔

اسی طرح کسی جادوئی اسکول میں جانا کسی عام روایتی اسکول کے مقابلے میں زیادہ دلچسپ محسوس ہوتا ہے۔