حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھالیا، دفتر پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش

حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھالیا، دفتر پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز  نے پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کے لان میں ہوئی جس کے لیے مہمانوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔  اسپیکر قومی

اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے علاوہ شریف فیملی کے افراد بھی حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

نئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی حلف برداری کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب کی طرف سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف نے آج بحیثیت وزیر اعلیٰ پنجاب حلف اٹھایا۔

بعد ازاں حمزہ شہباز  تقریب حلف برداری کے بعد اپنے دفتر ایٹ کلب پہنچے جہاں انہیں پنجاب پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

حمزہ شہباز  تقریب حلف برداری کے بعد اپنے دفتر ایٹ کلب پہنچے جہاں انہیں پنجاب پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا— فوٹو: حمزہ شہباز ٹوئٹر
حمزہ شہباز تقریب حلف برداری کے بعد اپنے دفتر ایٹ کلب پہنچے جہاں انہیں پنجاب پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا— فوٹو: حمزہ شہباز ٹوئٹر

یاد رہے کہ حمزہ شہباز 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے، انہیں پنجاب اسمبلی کے 197 اراکین نے ووٹ دیے تھے۔

گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہاؤس جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

حمزہ شہباز 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے، انہیں پنجاب اسمبلی کے 197 اراکین نے ووٹ دیے تھے— فوٹو: حمزہ شہباز ٹوئٹر
حمزہ شہباز 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے، انہیں پنجاب اسمبلی کے 197 اراکین نے ووٹ دیے تھے— فوٹو: حمزہ شہباز ٹوئٹر

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کے لیے 1000 کے قریب مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق آج حمزہ شہباز اپنے عہدے کا حلف لیں گے جس کے بعد صوبے میں جاری آئینی بحران اختتام پزیر ہو جائے گا۔

دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا ہے جس کے بعد عثمان بزدار نے اپنی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

مریم نواز بھی حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئیں— فوٹو: سوشل میڈیا
مریم نواز بھی حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئیں— فوٹو: سوشل میڈیا