جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ جعلی ہے، آئی ایس پی آر

جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ جعلی ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ سے متعلق آئی ایس پی آر کی وضاحت آگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ جعلی ہے، ان سے منسوب آڈیو کلپ پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جعلی آڈیو کلپ ریاستی اداروں کے خلاف ڈس انفارمیشن مہم ہے۔

اس سے قبل میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے ان سے منسوب فوج مخالف بیانات کی تردید کی تھی۔

جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان کا کہنا تھا کہ ان سے منسوب آڈیو بیان جعلی ہے، فوج میری شناخت اور پہلا پیار ہے، اس قسم کی پوسٹ نہیں کرسکتا۔

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے بھی کہا تھا کہ ان سے منسوب جعلی آڈیو ریکارڈنگز چلائی جارہی ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں۔

انہوں نے ایک اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں نے چالیس سال فوج میں خدمات انجام دی ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ آڈیوز میں چلائی جانے والی آواز ان کی نہیں ہے اور وہ اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ کسی باہر کے دشمن کی حرکت ہو جس پر انہیں کوئی گلا نہیں لیکن اگر ملک کے اندر سے کسی نے یہ حرکت کی ہے تو یہ قابل شرم بات ہے کہ آپ اپنے ہی ادارے کو بدنام کریں۔