نئے وزیراعظم کا چناؤ آج، شاہ محمود اور شہباز شریف میں مقابلہ، عمران خان بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے

نئے وزیراعظم کا چناؤ آج، شاہ محمود اور شہباز شریف میں مقابلہ، عمران خان بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے

نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج ہو گی جس کے لیے قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں قائد ایوان کے انتخاب سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی اور متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کا اجلاس ہو رہا ہے۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کر رہے ہیں۔

دوسری جانب آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تلاوت، نعت اور قومی ترانے کے بعد قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا، اجلاس شروع ہوتے ہی اسپیکر چیئر سے قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول سنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ نئے قائد شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے 172 ارکان کی حمایت ضروری ہے، قومی اسمبلی کی آج کی کارروائی آرٹیکل 91، رول نمبر 32 کے تحت چلائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر دونوں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے، ایوان میں 5 منٹ گھنٹیاں بجانے کے بعد ہال اور لابی کے دروازے بند کر دیے جائیں گے اور ارکان کو اے اور بی لابی میں جانے کے لیے کہا جائے گا۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ جس امیدوار کو 172 کی حمایت حاصل ہوئی وہ قائد ایوان منتخب کر لیا جائے گا جبکہ اپوزیشن کے پاس 176 کی گنتی ہے۔

منتخب ہونے والا قائد ایوان پاکستان کا 23 واں وزیراعظم ہو گا۔