ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی

ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی

ملک بھر میں عید الفطر آج  مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔ 

صوبائی دارالحکومتوں میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوگاجبکہ کراچی اورکوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الفطر کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاءکے لیے دعائیں کی جائیں گی ۔

اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الفطر روایتی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ 

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق عیدالفطر منگل کو منائی جارہی ہے، اتوار کو پاکستان بھر میں شوال 1443ھ کا چاند نظر نہیں آیا جس کے پیش نظر پیر کو تیسواں روزہ تھا۔ 

ملک بھر میں کہیں سے بھی شوال کا چاند نظر آنے کی شرعی شہادت موصول نہ ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا تھا کہ عیدالفطر منگل کو ہوگی۔ 

اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا میں بھی عیدالفطر منگل کو منائی جارہی ہے۔ اس کے برعکس خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں پیر کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا۔

 اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے بعض علاقوں میں پیر کو عید الفطر منائی گئی۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے عید الفطر منانے کے اعلان کے بعد پشاور میں مختلف مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ 

شہر کے مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ صوبے کے بعض دیگر شہروں میں بھی عیدالفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔ 

30 روزے مکمل ہونے کے بعد سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں پیر کو عید الفطرمنائی گئی، مکہ المکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ المنورہ میں مسجد نبوی میں نماز عید میں لاکھوں فرزندان اسلام شریک ہوئے۔ 

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، اومان اور اردن سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے جبکہ  فلسطین میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کےساتھ منائی گئی، ہزاروں فلسطینوں نے مسجد الاقصیٰ میں نماز عید ادا کی۔

دوسری جانب  یورپی ممالک برطانیہ، اسیین، فرانس اور جرمنی کے علاوہ ترکی میں بھی عید الفطر منائی گئی ۔