امراض قلب اور شوگر جیسی بیماریوں سے بچنے کا آسان طریقہ

امراض قلب اور شوگر جیسی بیماریوں سے بچنے کا آسان طریقہ

امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ 2 دنیا بھر میں ہر سال کروڑوں اموات کا باعث بنتے ہیں مگر ان سے بچنا بہت آسان اور آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔

بس دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کی بجائے چلتے پھرتے گزارنا عادت بنالیں۔

فن لینڈ کی ٹورکو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 اور دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ جسمانی طور پر کم متحرک اور ناقص غذا کا استعمال کرنے والے افراد میں زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں دن بھر میں کم وقت بیٹھ کر گزارنے کے جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اس مقصد کے لیے ایسے افراد کو تحقیق میں شامل کیا گیا جو زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے عادی تھے اور ان میں ذیابیطس ٹائپ 2 اور دل کے امراض کا خطرہ زیادہ تھا۔

ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا جن میں سے ایک گروپ کو دن بھر میں بیٹھنے کے وقت کو ایک گھنٹہ کم کرنے کا کہا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو ماضی کی طرح معمولات جاری رکھنے کا کہا گیا۔

3 ماہ تک ان افراد کا جائزہ لینے کے بعد دریافت ہوا جن افراد کو دن میں بیٹھنے کا وقت ایک گھنٹہ کم کرنے کا کہا گیا ان کی ہلکی سے معتدل جسمانی سرگرمیاں بڑھ گئیں۔

اس عرصے کے دوران ان افرا دکی بلڈ شوگر کی سطح، انسولین کی حساسیت اور جگر کی صحت میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

محققین نے بتایا کہ اگر ورزش کرنا ممکن نہیں تو بیٹھنے کا وقت کم کرکے اور ہلکی جسمانی سرگرمیاں بڑھا کر بھی صحت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور اس طرح بتدریج ورزش کرنے کو عادت بنانا بھی آسان ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار ان افراد کے لیے بہتر ہے جو اپنے طرز زندگی میں ہلکی جسمانی سرگرمیوں کا دورانیہ بڑھا سکتے ہیں ، مگر اس سے مکمل طور پر ذیابیطس اور امراض قلب سے خود کو بچانا ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹھنے کا وقت کم کرنے سے ان امراض کا شکار ہونےکا عمل سست روی کا شکار ہوسکتا ہے مگر زیادہ فائدہ اسی صورت میں ہوسکتا ہے جب جسمانی سرگرمیوں کی شدت یا دورانیےکو نمایاں حد تک بڑھایا جائے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف سائنس اینڈ میڈیسن ان سپورٹ میں شائع ہوئے۔

کیٹاگری میں : صحت