حکومت کے بعد عمران خان نے بھی معاہدے کی تردید کر دی

حکومت کے بعد عمران خان نے بھی معاہدے کی تردید کر دی

اسلام آباد:  وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی معاہدے کی تردید کر دی ہے۔

میڈیا کے ذریعے اس قسم کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان معاہد طے پا گیا ہے جس کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ڈھائی گھنٹے جاری رہے، تحریک انصاف کی جانب سے 2 رہنما مذاکرات میں شریک تھے۔

تاہم وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدے کی خبر بےبنیاد ہے، پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والےمسلح جتھےکے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔ 

اب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی سوشل میڈیا پر بیان میں کسی قسم کے معاہدے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت مانگی گئی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ نے نقص عامہ اور سڑکیں بند ہونے کے باعث پی ٹی آئی کو دھرنے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

اس حوالے سے سپریم کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر ہے جس میں سپریم کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ تحریک انصاف کو جلسے کے لیے متبادل جگہ فراہم  کی جائے اور ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے تاکہ جلسہ بھی ہو جائے اور سڑکیں بھی بند نہ ہوں۔