وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: چوہدری شجاعت کا ایک بارپھر واضح مؤقف سامنے آگیا

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: چوہدری شجاعت کا ایک بارپھر واضح مؤقف سامنے آگیا

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر مؤقف سامنے آیا ہے۔

اپنے بیان میں چوہدری شجاعت کا کہنا تھاکہ پرویز الٰہی میرے وزارت اعلیٰ کے امیدوار تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ اداروں کے ساتھ 30 سال سے ایک تعلق رہا ہے، کیسے اداروں پر تنقید کرنے والوں کی حمایت کر سکتا ہوں؟

 ان کا کہنا تھاکہ تنقید کرنا علیحدہ چیز ہے، اداروں کےخلاف نازیبا زبان برداشت نہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ادارے ملک کی سالمیت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اوراداروں کے خلاف شرمناک زبان کی اجازت نہیں دی جاسکتی لہٰذا محب وطن پاکستانی ایسی بات سنیں توموقع پراس کا منہ توڑ جواب دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوا جس میں ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ منتخب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے امیدوار پرویز الٰہی 10 ووٹ مسترد ہونے کے باعث ہار گئے۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے رولنگ دی جس میں کہا گیا کہ چوہدری شجاعت نے خط میں ق لیگ کے ارکان کو وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔