واٹس ایپ میں اہم تبدیلیاں لانے کا اعلان

واٹس ایپ میں اہم تبدیلیاں لانے کا اعلان

دنیا کی معروف ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں نئی تبدیلیاں متعارف کروائی جارہی ہیں، ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو مزید سہولت اور پرائیوسی فراہم کرنا ہے۔

واٹس ایپ نے حال ہی میں 3 نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں جو کہ یہ ہیں۔

لاسٹ سین کا نیا آپشن

واٹس ایپ پر اب لاسٹ سین کا آپشن صارفین اپنے من پسند افراد کے لیے کھول یا بند کرسکیں گے، اس سے پہلے لاسٹ سین کا آپشن تمام افراد کے لیے یا تو کھولا جاتا ہے یا پھر بند کیا جاتا ہے۔

واٹس ایپ کی نئی ممکنہ اپڈیٹ کے بعد اب کوئی بھی صارف اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی نمبر پر لاسٹ سین بند کر سکتا ہے۔

خاموشی سے گروپ چھوڑ دیں

واٹس ایپ پر جہاں گروپس بہت سے معاملات میں سہولت کا باعث بنتے ہیں وہیں ان گروپس کی وجہ سے صارفین شدید تنگ بھی ہوجاتے ہیں۔ اگر کوئی صارف گروپ چھوڑ دے تو تمام لوگ اس بارے جان جاتے ہیں جس کے باعث صارف اکثر اضطراب میں رہتے ہیں۔

لیکن اب یہ پریشانی ختم ہونے والی ہے کیونکہ واٹس ایپ پر ایسی نئی اپڈیٹ آنے والی ہے جس کے بعد کوئی بھی صارف چپکے سے گروپ چھوڑ سکتا ہے اور اس کے گروپ چھوڑنے کا پتہ صرف گروپ ایڈمن کو چل پائے گا جبکہ گروپ کے بقیہ رکن اس بات سے ناواقف رہیں گے۔

ویو ونس فوٹو پر اسکرین شاٹ کی پابندی

واٹس ایپ نے 2021 میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا تھا جس کے نتیجے میں کوئی بھی صارف دوسرے صارف کو وڈیو یا تصویر صرف ایک بار بھیج سکتا ہے اور وہ تصویر یا ویڈیو کھولنے کے بعد خود بخود ختم ہوجائے گی، اس فیچر کو ویو ونس یعنی ایک بار دیکھیں کا نام دیا گیا تھا۔

اسی فیچر میں واٹس ایپ مزید جدت لے کر آرہا ہے، اب ایک بار دکھائی جانے والی تصویر کا اسکرین شاٹ بھی نہیں لیا جاسکے گا۔ واٹس ایپ یہ اقدام مواد کی حساسیت کو برقرار رکھنے کے لیے کر رہا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچرز ابھی ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہیں اور جلد ہی انہیں صارفین کے لیے کھول دیا جائے گا۔