اختلافی معاملات پر شہباز نے ہاتھ اٹھالیے، بلاول نواز شریف سے ملنے آج لندن روانہ ہونگے

اختلافی معاملات پر شہباز نے ہاتھ اٹھالیے، بلاول نواز شریف سے ملنے آج لندن روانہ ہونگے

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج رات لندن روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ قائد ن لیگ نواز  شریف سے ملاقات کریں گے اور اختلافی معاملات پر بات کریں گے۔

شہبازشریف کے وزیر اعظم بننے کے نو دن بعد وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھالیا ہے تاہم بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزراکی تقریب حلف برداری میں شرکت کی لیکن حلف نہیں اُٹھایا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ  پیپلزپارٹی صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ اورگورنر پنجاب کے عہدے  لینا چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اختلافی معاملات پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہاتھ اٹھا لیے ہیں اور بلاول کو  نواز شریف سے براہ راست بات کرنےکا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری لندن میں قائد ن لیگ میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے اوراختلافی معاملات پر بات کریں گے، بلاول بھٹو کا لندن سے واپسی پر وزیر خارجہ کا حلف اٹھانےکا امکان ہے۔

دوسری جانب  پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزارت خارجہ کے معاملے پر ن لیگ سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں، بلاول بھٹو اے این پی،بی این پی اور محسن داوڑ کو وزارت ملنے کے بعد حلف اٹھانا چاہتے ہیں۔

اعلامیےکے مطابق بلاول بھٹو اتحادی حکومت کے قیام پر نواز شریف کو مبارک باد دینے جا رہے ہیں۔