عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے، مریم نواز

عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے، مریم نواز

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نےکہا ہےکہ عوام کے لیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال سب کچھ تباہ کیا، اب کہتاہے شہبازشریف اپنے 4 ہفتے کا حساب دے،چار سال پاکستان کی تباہی اوربربادی کی گئی، ایک اناڑی اور نااہل کو لا کر22 کروڑ  عوام پر مسلط کیا  گیا، آج معیشت وینٹی لیٹرپر چلی گئی، آج دہشت گردی نے پھر سر اٹھالیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی، آج نواز شریف کو کہا جا رہا ہےکہ واپس آؤ، نواز شریف دور میں معیشت نے ترقی کی، شہباز شریف کرسی چھوڑ دے گا لیکن عوام کو مشکل میں نہیں ڈالےگا۔

مریم نواز نے جلسے میں عوام سے سوال کیا کہ اگر نواز شریف حکومت چھوڑتا ہے تو دو تہائی اکثریت دو گے؟

 رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنے اور پاکستانی ریاست کے آستین میں چھپے سانپ کا نام ہے ، جس جس نے عمران کو دودھ پلایا ، اس نے اسی کو ڈس لیا ، عمران خان تم بال نوچو، دانت پیسو یا الٹے لٹک جاؤ، تمہارا کھیل، ختم شد۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کو آزادی اور خود مختاری کے بھاشن دیتا ہے، جس نے خود کما کر نہیں کھایا اس کے منہ سے خود مختاری کی بات اچھی نہیں لگتی، ریاست مدینہ کے دعوے دار کے کتے ایک دن میں اتنا گوشت کھاجاتے ہیں جتنا بنی گالہ کے اطراف کی آبادی کے لوگ ایک مہینے میں نہیں کھاتے۔