فالج کا خطرہ کس عمر میں دگنا ہوجاتا ہے؟

فالج کا خطرہ کس عمر میں دگنا ہوجاتا ہے؟

فالج ایک ایسا مرض ہے جس کا علاج اگر بروقت نہ کرویا جائے تو موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن (اے ایچ اے) نے ایک نئی رپورٹ میں اس جان لیوا بیماری کی علامات پر روشنی ڈالی ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فالج کا خطرہ کس عمر میں دگنا ہوجاتا ہے۔

جرنل سرکولیشن میں شائع رپورٹ میں دل کی شریانوں سے جڑے امراض بشمول فالج کی علامات کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلات بیان کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق 55 سال کی عمر کے بعد ہر 10 سال بعد فالج کا خطرہ دگنا ہو جاتا ہے جبکہ ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپے اور ہائی کولیسٹرول سے بھی فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مردوں کے مقابلے میں خواتین میں کم عام علامات کا امکان زیادہ ہوتا ہے، خواتین میں فالج کی علامات مختلف ہوسکتی ہیں جیسے سردرد، ذہنی کیفیت بدل جانا، کوما اور شعور نہ رہنا وغیرہ۔

فالج کی عام ترین علامات

فالج کی یہ عام علامات اچانک نمودار ہوتی ہیں جس کے دوران جسم کا ایک حصہ سن ہوجاتا ہے یا چلنا ممکن نہیں ہوتا، بات کرنا مشکل ہوجاتا ہے یا لوگوں کی بات سمجھ نہیں آتی، ایک جانب سے چہرہ ڈھلک جاتا ہے اور مسکرانا ممکن نہیں ہوتا، ذہنی الجھن، سر چکرانا اور ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی تبدیل ہوجانے جیسی علامات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

کم عام علامات

اے ایچ اے کی رپورٹ کے مطابق ایک چیز 2 نظر آنا، لمس محسوس نہ کرپانا، تکلیف یا جسمانی درجہ حرارت بڑھ جانا کم عام علامات ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ مختلف خطوں میں فالج کی علامات کیا ہوتی ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت