تحریک عدم اعتماد، شہباز شریف کی اپنے اراکین پارلیمنٹ کو اہم ہدایت

تحریک عدم اعتماد، شہباز شریف کی اپنے اراکین پارلیمنٹ کو اہم ہدایت

تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے اراکین پارلیمنٹ کو بیرون ملک سفر سے روک دیا۔ق شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپنے اراکین پارلیمنٹ کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ کو بیرون ملک سفر سے روک دیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے اراکین پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے والی ہے اس لیے تمام اراکین پارلیمنٹ ملک میں موجود رہیں۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ اراکین کے نام ڈال کر انہیں باہر بھجوانے کی سازش کی جارہی ہے، اس لیے تمام اراکین ملک میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے طویل عرصے بعد اسلام آباد جانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ 10 مارچ کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی اگلے ہفتے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جبکہ گزشتہ روز پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمٰن نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی۔