پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آئندہ 2 سے 3 دنوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی خوشخبری آجائے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا اگلے2 سے3دن بہت اہم ہیں اگلے 48 گھنٹے میں بڑی خوشخبری آجائےگی۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف سے مسلسل رابطےمیں ہوں تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہو رہا ہے ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے سارےامور کو دیکھا جا رہا ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی لیڈرشپ اس وقت مسلسل رابطے میں ہے حکومتی اتحادیوں سے بھی ہم سب رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن کی 9 رکنی کمیٹی نے حکومت کے خلاف تحریک عتماد لانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ نمبر گیم پورے ہیں جلد از جلد تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔
ذرائع کے مطابق ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن کمیٹی میں ن لیگ کی نمائندگی کی جبکہ یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف اور نوید قمر نے پیپلزپارٹی کی نمائندگی کی، کامران مرتضیٰ، مولانا اسعد محمود، اکرم درانی نے جے یو آئی کی نمائندگی کی۔
کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتوں نے حکومتی اراکین کے ساتھ پیش رفت کمیٹی کے سامنے رکھی اور کہا کہ کمیٹی نے تحریک عدم اعتماد کے لییے حکمت عملی اور نمبر گیم پر کام کیا ہے۔