تحریک عدم اعتماد : شیخ رشید نے بڑا دعویٰ کردیا

تحریک عدم اعتماد : شیخ رشید نے بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن میں عدم اعتمادپر ڈیڈ لاک ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بتادیں کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر کتنا اعتماد کرتی ہیں؟ وہ جماعتیں جو ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کو تیار نہیں تھیں آج وہ رات میں ملاقاتیں کررہی ہیں۔

شیخ رشید نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ شہربسا ہی نہیں اپوزیشن والے بندر بانٹ پر لڑ پڑیں ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا ہے، اپوزیشن والےاپنے ارکان پر نظر رکھے، وقت آنےپر وہ اڑجائیں گے، پتہ نہیں چلےگا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کبڈی کبڈی کھیل رہی ہے جس میں جیت عمران خان کی ہوگی، آپ کی تحریک ناکام اور عمران خان مزید مضبوط ہوں گے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 9 دن آپ کے بس کا کام نہیں ہے کہ اپنے بندے ساتھ رکھیں، آپ اپنی چارپائی کے نیچے جھاڑو دیں، ہمارے اتحادیوں کو چھوڑیں، نہ چھانگا مانگا ہے، نہ مری، یہ بتا دیں اپنے بندے کہاں رکھنے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر شخص کو احتجاج کا حق ہے، یہ لوگ دس دن میں اسلام آباد آرہے ہیں، آج چلے ہیں اور نو دن کا کھیل باقی رہ گیا ہے، میری وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے جس میں طے ہوا ہے کہ اس لانگ مارچ کا خیال کریں گے اور انہیں ہرگز نہیں روکا جائےگا، تاہم لوگوں کو اذیت ہورہی ہے۔

شیخ رشید احمد کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ طالبان کی مدد کی جائے اور انہیں بھرپور سپورٹ کیا جائے، پاکستان کو ان کی مدد کرنی چاہیے تاہم اس پر پالیسی بیان وزارت خارجہ دے گی، ہم طالبان کے ساتھ رابطے میں ہیں، کل بھی شاید ہمارا ایک وفد افغانستان روانہ ہورہا ہے۔